بھٹکل ،11؍ جولائی (ایس او نیوز) مرڈیشور کے ساحل پر سیر و تفریح کے دوران دو نوجوان سمندری موجوں میں بہہ گئے جنہیں مقامی ماہی گیروں نے اپنی جان پر کھیل کر بچا لیا۔
ان لاک 3.0 کے ساتھ مرڈیشور مندر اور ساحل پر سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوگیا ہے اور یہاں کی رونق دوبارہ لوٹنے لگی ہے۔ اسی کے ساتھ سمندری موجوں میں سیاحوں کے ڈوبنے کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔
کل جب سیاحت کے لئے آئے ہوئے نوجوانوں کا ایک گروپ مندر میں درشن کے بعد سمندری موجوں سے کھیل رہا تھا تو ان میں سے دو نوجوان تیز لہروں میں بہہ گئے ۔ انہیں پانی میں ڈوبتا دیکھ کر تین مقامی ماہی گیر ایک چھوٹی کشتی پر ان کی مدد کو دوڑ پڑے ۔ لیکن سمندری موجیں اتنی اچھال پر تھیں کہ بچانے کے لئے گئی ہوئی کشتی بھی سمندر میں الٹ گئی ۔ خوش قسمتی سے بچاو کام میں مصروف ماہی گیروں نے ہمت دکھائی اور ایک دوسری کشتی کے ذریعے ان ڈوبتے نوجوانوں کو بچانے میں کامیاب ہوگئے۔